گلبرگہ کو اسمارٹ سٹی مرکزی اسکیم میں شامل کروانے ریاستی حکومت کوشاں: قمرالاسلام
گلبرگہ2؍فروری( اعتماد نیوز):گلبرگہ ضلع کے نگران وزیر الحاج قمرالاسلام
ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق پبلک انٹر پرائزس وقف و اقلیتی بہبود حکومت
کرناٹک نے اندرا اسمارک بھون محبوب گلشن میں منعقدہ تقریب میں گلبرگہ کو
کلین سٹی بنانے کے لئے صفائی مہم کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر خطاب
کرتے ہوئے الحاج قمرالاسلام نے بتایا کہ گلبرگہ شہر کو کوڑا کرکٹ سے صد
فیصد پاک بنانے کی مہم پر کل8کروڑ روپیوں کے مصارف کئے جارہے ہیں ،
حیدرآباد کرناٹک ریجن ڈیولپمنٹ بورڈ نے3کروڑ روپئے جاری کئے ہیں جبکہ
گلبرگہ سٹی کارپوریشن کے ایس ایف سی گرانٹ سے 5کروڑ روپئے حاصل کئے گئے ،
کوڑا کرکٹ کی نکاسی کے لئے کل 15پیاکیجس بنائے گئے ہیں ، گلبرگہ سٹی
کارپوریشن سے215اور خانگی گتہ پرایک ہزار صفائی ملازمین کو صفائی مہم پر
مامور کیا جارہا ہے ۔ گھر گھر جاکر کوڑا کرکٹ اکٹھا کیا جائیگا، کوڑا کرکٹ
کی نکاسی کے لئے 38تین پہیہ ٹپرس ،25چار پہیہ آٹو ٹپرس،کتوں کو پکڑنے کے
لئے ایک وہیکل آوارہ جانوروں کی منتقلی کے لئے ایک وہیکل کے علاوہ دیگر چار
وہیکلس استعمال میں رہیں گے ۔ شہر میں کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کے دو مرکزی
مراکز قائم کرنے کے لئے حیدرآباد کرناٹک ریجن ڈیولپمنٹ بورڈ نے30لاکھ روپئے
کی امداد جاری کی ہے ۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید بتایا کہ مذکورہ تمام
وہیکلس کو جی پی ایس نظام سے مربوط کیا گیا ہے ، جس کے سبب ان وہیکلس کی
کارکردگی کے یومیہ ریکارڈ کا پتہ چل سکے گا۔ صفائی ملازمین کی لازمی حاضری
کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک حاضری کا لزوم لاگو کیا جارہا ہے ۔
الحاج قمرالاسلام صاحب نے مزید کہا کہ گلبرگہ شہر کو کلین سٹی بنانے کی
صفائی مہم کو کامیاب بنانا تمام کارپوریٹرس اور شہریان کی ذمہ داری ہے ،
اُنہوں نے شہریان گلبرگہ سے پرزور اپیل کی کہ وہ گلبرگہ
شہر کو کوڑا کرکٹ
سے پاک شہر بنانے میں گلبرگہ سٹی کارپوریشن سے تعاون کریں اور کوکوڑا کرکٹ
نالیوں سڑکوں پر نہ پھینکں۔ نگران وزیر گلبرگہ ضلع الحاج قمرالاسلام نے
مزید کہا کہ گلبرگہ شہر کو مرکزی حکومت کی اسکیم اسمارٹ سٹی کے لئے منتخب
کروانے ریاستی حکومت مسلسل کوشاں ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اسمارٹ سٹی کے ضمن
میں حال ہی میں احمد آباد گجرات میں منعقدہ اجلاس میں گلبرگہ کے سرکاری
عہدیداران نے شرکت کی اور گلبرگہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کے لئے درکار تمام
وسائل اور سہولیات کی فراہمی کا تیقن دیا۔ ریاستی حکومت نے بھی گلبرگہ کو
اسمارٹ سٹی بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون دینے کا مرکزی حکومت کو یقین دلایا
ہے ۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید بتایا کہ ریاستی حکومت اسمارٹ سٹی کی حیثیت
سے گلبرگہ کے انتخاب کو یقینی بنانے تمام تر ترقیاتی کام انجام دینے کے لئے
تیار ہے ، اُنہوں نے مزید کہا کہ گلبرگہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کا انحصار
گلبرگہ سٹی کارپوریشن پر ہے اس سلسلہ میں گلبرگہ سٹی کارپوریشن کو ابھی سے
تیاریاں شروع کردینی چاہئے ، دتاتریہ پاٹل ریور رکن اسمبلی گلبرگہ جنوب نے
تقریب کی صدارت کی اُنہوں نے صدارتی تقریر میں گلبرگہ شہر کی ہمہ جہت ترقی
اور گلبرگہ شہر کو کلین سٹی بنانے کے لئے نگران وزیر گلبرگہ ضلع الحاج
قمرالاسلام صاحب کی دیرینہ مساعی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا
کہ گلبرگہ کے اسمارٹ سٹی کی حیثیت سے انتخاب کو یقینی بنانے عنقریب ضلع
نگران وزیر الحاج قمرالاسلام کی زیر قیادت کل جماعتی وفد نئی دہلی لے جایا
جائیگا، مئیر گلبرگہ محترمہ عالیہ شیرین ، کارپوریٹرس سید احمد ، بھیم
ریڈی، شنکر سنگھ، اجمل گولہ، جاوید این آرئی ، ریجنل کمشنر گلبرگہ آدتیہ
املن بسواس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گویند ریڈی، کمشنر سٹی کارپوریشن سری کانت
کٹی منی، محمد اصغر چلبل ، واحد علی فاتحہ خوانی، عادل سلیمان سیٹھ و دیگر
اصحا ب نے شرکت کی ۔